وزیرآباد(نا مہ نگار) قرآنِ پاک میں واضح طور پر بیان ہے کہ رسول اللہ ﷺ کو نبی ماننا ہر مسلمان پر فرض ہے اور آپ ﷺ آخری نبی ہیں۔ عقیدہ ختمِ نبوت اسلام کی بنیاد ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، شبِ برات رحمت، مغفرت اور بخشش کی رات ہے، اس بابرکت رات میں مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے حضور توبہ و استغفار کریں، نماز، ذکر اور دعا میں مشغول رہیں اور اپنی زندگیوں کو قرآن و سنت کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کریں۔ان خیالات کا اظہار مولانا سید وسیم الحسن شاہ نے جامع مسجد رحمانیہ محلہ شیرو میں عقیدہ ختم نبوت سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈنمارک سے آئے ہوئے انٹرنیشنل خطیب قاری ظہیر نے تلاوت قرآن پاک سے سماں باندھ دیا اور فیصل آباد سے آئے مہمان نعت خواں ظہور علی سجن اور وزیرآباد کے مشہور نعت خواں راشد علی غوری نے نعت رسول ﷺ کا ہدیہ پیش کیا۔محفل میں چیئرمین رحمانیہ فاؤنڈیشن منطور حسین پھول سمیت بڑی تعداد میں علماء کرام، معززین علاقہ اور شہریوں نے شرکت کی۔ اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور فلسطین و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
