


گجرات جلالپور جٹاں (مرزا طارق محمود )
جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور معروف مذہبی و سیاسی رہنما الشاہ محمد اویس نورانی نے گجرات کا نجی دورہ کیا، جہاں انہوں نے جماعتی ذمہ داران ضلعی صدر قاری محمد ابوبکر غزالی نقشبندی ،جنرل سیکرٹری چوہدری فیاض حسین مہر ،حکیم طہ افتخار نورانی ،حکیم ذوالفقار علی و دیگر سے اہم ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق الشاہ اویس نورانی کی آمد پر کارکنان کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔ دورے کے دوران منعقدہ خصوصی نشست میں ملکی سیاسی صورتحال، دینی جماعتوں کے کردار، اور موجودہ چیلنجز پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں تنظیمی امور اور آئندہ کے لائحۂ عمل پر بھی غور کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نظریاتی تشخص کے تحفظ اور نظامِ مصطفیٰ ﷺ کے نفاذ کے لیے منظم اور متحد جدوجہد ناگزیر ہے۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ عوامی سطح پر رابطہ مہم تیز کریں اور دینی شعور کی بیداری کے لیے عملی اقدامات کریں۔
دورے کے دوران انہوں نے سابق ضلعی صدر حکیم افتخار علی نورانی کی وفات پر تعزیت اور دعا بھی کی۔ مقامی عہدیداران نے انہیں تنظیمی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور مرکزی قیادت کی رہنمائی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
سیاسی و مذہبی حلقوں کا کہنا ہے کہ الشاہ اویس نورانی کا یہ دورہ آئندہ تنظیمی سرگرمیوں کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے، جبکہ کارکنان میں بھی نئی سرگرمی اور جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔
