جہلم( بیورورپورٹ) جہلم شہر ،اور قرب جوار میں آوارہ کتوں کی بھر مار نے شہریوں،بچوں اور خواتین کا جینا محال کر دیا ہے۔ مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے مؤثر اور مستقل اقدامات نہ کیے جانے کے باعث یہ مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے، جس پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے، محمدی چوک،بلال ٹاؤن شمالی محلہ،کالاگجران،چونترہ،جکھرالہ،روہتاس روڈ، سمیت شہر کے متعدد علاقوں میں آوارہ کتوں کے غول دن اور رات کے اوقات میں گلیوں اور سڑکوں پر دندناتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ صبح سویرے سکول جانے والے بچوں،بچیوں اور کام کاج پر جانے والے افراد اور بالخصوص خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کئی مقامات پر کتوں کے بھونکنے اور دوڑانے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں جس سے خوف و ہراس کی فضاقائم ہے۔ دوسری جانب شہر کے مختلف محلوں میں گٹروں، نالوں اور کچرا کنڈیوں کے اطراف موٹےچوہوں کی بھر مار نے صفائی کی صورتحال پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ شہریوں کے مطابق رات کے اوقات میں چوہے گھروں میں داخل ہو کر خوراک کو نقصان پہنچاتے ہیں جبکہ بعض دکانوں اور گوداموں میں بھی اشیائے خوردونوش کو شدید نقصان پہنچ رہا ہےماہرین صحت کے مطابق چوہے مختلف وبائی امراض پھیلانےکا سبب بن سکتے ہیں، جس سے شہریوں کی صحت کو بھی خطرات لاحق ہیں۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی اور متعلقہ اداروں کو بار ہاشکایات درج کروائی جاچکی ہیں مگر تا حال کوئی جامع مہم یا با قاعدہ تلفی پروگرام شروع نہیں کیا گیا۔ عوامی و سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر آوارہ کتوں کی پکڑ دھکڑ کا مؤثر نظام بنایا جائے جبکہ چوہوں کے خاتمے کے لیے خصوصی سپرے مہم اورصفائی ستھرائی کے اقدامات کیے جائیں، تاکہ شہری بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں،
