وزیر آباد (نامہ نگار)شہر گکھر کی سیاسی و سماجی شخصیت اور پاکستان مسلم لیگ (ن) گکھر کے سٹی صدر میر مظہر بشیر نے ماہِ رمضان المبارک کی آمد پر اپنے ایک خصوصی بیان میں کہا ہے کہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی بے پایاں رحمتوں، برکتوں اور مغفرت کا مہینہ ہے، جو مسلمانوں کو صبر، تقویٰ، برداشت اور اخوت کا درس دیتا ہے انہوں نے کہا کہ رمضان صرف بھوک اور پیاس برداشت کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ نفس کی اصلاح، کردار کی بہتری اور معاشرے میں ہمدردی و مساوات کو فروغ دینے کا عملی پیغام دیتا ہے اس مقدس مہینے میں ہمیں چاہیے کہ ہم مستحق اور نادار افراد کا خصوصی خیال رکھیں، ان کی ضروریات پوری کریں اور اپنے اردگرد خوشیاں بانٹیں میر مظہر بشیر کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک ہمیں اتحاد و یگانگت کا درس دیتا ہے اور ہمیں باہمی اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کے ساتھ محبت، رواداری اور بھائی چارے کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات اس بابرکت مہینے میں بڑھ چڑھ کر فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لیں تاکہ معاشرے کے کمزور طبقات بھی عید کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہو سکیں آخر میں انہوں نے اہلِ گکھر سمیت پوری امتِ مسلمہ کو ماہِ رمضان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس مہینے کی حقیقی برکات سمیٹنے اور اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی توفیق عطا فرمائے۔
