جہلم (بیورو رپورٹ) جہلم شہر میں ڈمپرز کے داخلے پر پابندی عائد نہ ہو سکی۔ بااثر ڈمپر مالکان نے انتظامیہ کی جانب سے نصب کیے گئے بیریئر اکھاڑ دیےتفصیلات کے مطابق شہری حدود میں بھاری گاڑیوں خصوصاً ڈمپرز،ٹرالر،ٹرک وغیرہ کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے مختلف داخلی راستوں پر بیریئر نصب کررکھے ہیں تاکہ ٹریفک کے مسائل پر قابو پایا جا سکے اور کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی سڑکوں کو محفوظ بنایا جائے اور شہریوں کو درپیش حادثات کے خدشات کم کیے جا سکیں۔ تاہم بااثر ڈمپر مالکان نے مبینہ طور پر حکومتی احکامات کوہوامیں اڑاتے ہوئے داخلہ خارجی راستوں پرنصب شدہ بیریئر توڑ دیے ہیں، جس کے باعث شہر میں دوبارہ رات ہوتے ہی بھاری گاڑیوں کی آمدورفت دیدہ دلیری کے ساتھ شروع ہوچکی ہے۔
شہریوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ،ڈپٹی کمشنر موٹر وہیکل ایگزمینر، ار ٹی اے سیکرٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور بھاری گاڑیوں کے داخلے پر سخت پابندی عائد کی جائے بیرئیر توڑنے والے ڈمپرز کی سی سی ٹی وی سےفوٹیجز حاصل کرنے فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ اندروں شہرحادثات اور ٹریفک جام سے بچا جا سکے،
