
جہلم (بلال رضا): ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے واسا ٹیم کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور نکاسی آب کے جاری منصوبوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نارتھ زون کے علاقے سلمان پارس میں موجود نالے کی توسیع (ایکسپینشن) کے کام کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کام کی رفتار اور معیار کو چیک کرتے ہوئے ہدایت کی کہ نالے کی چوڑائی میں اضافے سے علاقے میں نکاسی آب کا دیرینہ مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہونا چاہیے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ساؤتھ زون کے علاقے سعیلہ کا دورہ کیا، جہاں نئے نالے کی تعمیر کا کام رکا ہوا تھا۔ انہوں نے کام کی بندش کی وجوہات کا موقع پر جائزہ لیا اور واسا ٹیم کو فوری طور پر تعمیراتی کام دوبارہ شروع کرنے کے سخت احکامات جاری کیے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ عوامی مفاد کے ان اہم منصوبوں میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام تعمیراتی کاموں کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے واسا کے افسران کو پابند کیا کہ وہ فیلڈ میں رہ کر نالوں کی توسیع اور تعمیر کی نگرانی کریں تاکہ شہریوں کو درپیش سیوریج کے مسائل کا خاتمہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف صاحبہ کے وژن کے تحت شہر کے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ شہریوں نے سلمان پارس میں نالے کی ایکسپینشن اور سعیلہ میں رکے ہوئے کام کو دوبارہ شروع کروانے پر ڈپٹی کمشنر کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔
