جہلم (بلال رضا): ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی و ضلع کونسل ضیاء اللہ رانجھا، میونسپل آفیسر پلاننگ، میونسپل آفیسر فنانس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس اجلاس کا بنیادی مقصد ضلع میں مختلف کمرشل اور رہائشی تعمیراتی منصوبوں، ہاؤسنگ اسکیموں اور نقشوں کی فنی جانچ پڑتال کے بعد ان کی باقاعدہ منظوری دینا تھا۔
اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی اور دیگر ممبران کے ہمراہ مختلف عمارتوں کے ڈیزائن اور نقشوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے سخت ہدایات جاری کیں کہ کسی بھی تعمیراتی منصوبے کی منظوری دیتے وقت پارکنگ کی جگہ، ماحولیاتی تحفظ اور قانونی ضوابط کو ہر صورت مدنظر رکھا جائے۔ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ضیاء اللہ رانجھا نے ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام کیسز کی جانچ پڑتال رائج قوانین کے مطابق کی جا رہی ہے تاکہ مستقبل میں شہری آبادی کو کسی قسم کی تنگی یا دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ شفافیت اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور نقشوں کی منظوری کے عمل کو مزید سہل بنایا جا رہا ہے تاکہ سرمایہ کاروں اور شہریوں کو بلاوجہ انتظار نہ کرنا پڑے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم نےافسران کو تاکید کی کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے اور صرف وہی منصوبے منظور کیے جائیں جو ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کے مقرر کردہ معیار پر پورا اترتے ہوں۔ اجلاس کے اختتام پر متعدد زیر التوا کیسز پر تفصیلی بحث کے بعد ان کے حوالے سے حتمی فیصلے صادر کیے گئے۔
