وزیر آبادنامہ نگار)پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام یومِ شہادت امیرالمومنین خلیفۂ چہارم حضرت علی ابن ابی طالب کرم اللہ وجہہ الکریم عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر منعقدہ خصوصی رمضان ٹرانسمیشن میں علماء و رہنماؤں نے کہا کہ مولائے کائنات حضرت علیؓ جرات، بہادری، علم اور عدل و انصاف کا عظیم پیکر تھے جنہوں نے ہمیشہ حق اور سچ کا ساتھ دیا اور طاقتور ترین دشمنوں کو مردانہ وار مقابلہ کرکے زیر کیا۔تقریب سے پاکستان سنی تحریک کے ضلعی صدرگوجرانوالہ/وزیرآباد محمد جاوید اقبال بٹ، علماء بورڈ کے رکن علامہ سید پیر محمد زین العابدین شاہ، علامہ ڈاکٹر مفتی محمد احسان الحق محمد سعیدی سٹی رہنما محمد سجاد حیدر نقشبندی اور رمضان ٹرانسمیشن کے میزبان محمد عباس رضوی ایڈووکیٹ سمیت دیگر علماء نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ حضرت علیؓ کی حیاتِ مبارکہ امتِ مسلمہ کے لیے شجاعت، عدل، علم اور حکمت کا روشن مینار ہے۔ آپؓ کی سیرت ہمیں ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے اور حق و انصاف کے قیام کا درس دیتی ہے۔رہنماؤں نے کہا کہ آج امتِ مسلمہ کو حضرت علیؓ کی تعلیمات کو مشعلِ راہ بناتے ہوئے اتحاد و اخوت کو فروغ دینا ہوگا تاکہ فرقہ واریت اور انتشار کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
انہوں نے موجودہ عالمی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی خطے کے امن کے لیے خطرہ بنتی جا رہی ہے،خطہ تیسری عالمی جنگ کا سب سے بڑا اور اہم سبب بن سکتا ہے، عالمی قوتوں کو جنگ کے بجائے مذاکرات اور سفارتی حل کو ترجیح دینی چاہیے۔
پاکستان سنی تحریک کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان، سعودی عرب، چین اور روس جیسے بااثر ممالک خطے میں قیامِ امن، کشیدگی کے خاتمے اور عالمی استحکام کے لیے فعال کردار ادا کریں تاکہ دنیا کو مزید جنگ اور تباہی سے بچایا جا سکے۔
تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور عالمِ اسلام میں امن کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی
