وزیرآباد(نا مہ نگار) پاکستان شریعت کونسل کے امیر مولانا زاہد الراشدی نے وفاقی وزارت مذہبی امور کی طرف سے 15مارچ بروز اتوار کو ملک بھر میں ”یوم تحفظ ناموس رسالتﷺ” منانے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے اور اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور دینی حلقوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم دینی وملی کام میں سنجیدہ دلچسپی لے کر امت مسلمہ کے عقائد و جذبات کے موثر اظہار کی بھر کو شش کریں۔ انہوں نے کہاہے کہ ناموس رسالت ﷺکے تحفظ کے حوالہ سے ہمیں عالمی اور ملکی سطح پر جو حل طلب مسائل در پیش ہیں ان میں سے اہم ترین امور یہ ہے جن کی طرف عالمی رائے عامہ اور قومی حلقوں کو توجہ دلانے کی ضرورت ہے اور خاص طور پر کل جمعۃ المبارک کے خطبات میں ان پر آواز اٹھا نا ضروری ہے (1)ایک یہ کہ بین الا قوامی حلقوں او ر اداروں میں توہین رسالتﷺ کوجرم کی بجائے آزادی رائے کے عنوان سے حقوق میں شمار کیا جارہا ہے جو سراسر غلط ہے اس لیے کہ اگر کسی بھی ملک کے عام شہر ی کی توہین جرم ہے تو حضرات انبیاء کرام علیہم السلام اور دیگر مقدس شخصیات و مقامات کی تو ہین بھی جرم ہے، بین الا قوامی اداروں بالخصوص اقوام متحدہ کو اسے جرم قرار دینا چاہیے اور مسلم ممالک اور حکمرانوں کو اس کے لیے سنجیدہ کو شش کرنی چاہیے۔(2) پاکستان میں توہین رسالت ﷺاور تو ہین مذہب کے حوالے سے نافذ قوانین کو ختم یا کمزور کرنے کی جو کوششیں بین الا قوامی اور قومی سطح پر کی جارہی ہیں ان کو مسترد کرتے ہوئے دستور پاکستان میں شامل اسلامی دفعات کے تحفظ کے لیے منظم اور اجتماعی جد و جہد کرنے کی ضرورت ہے۔ (3) جن مقدمات میں گستاخان رسالت ﷺاور گستاخان مذہب کو سزائیں دی جاچکی ہیں اور وہ مجرم قرار پاچکے ہیں ان کو سزادینے میں مسلسل تاخیر قابل قبول نہیں ہے اور متعلقہ اداروں کی قومی اوردینی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے مجرموں کو جلد از جلد کیفر کر دار تک پہنچائیں۔(4) توہین رسالت ﷺاور توہین مذہب کے مقدمات عدالتوں میں زیر بحث ہیں ان کے جلد از جلد فیصلے ہونے چاہیں فیصلوں میں تاخیر بھی مجرموں کو سہولت فراہم کرنے کے مترادف ہے جبکہ(5) زیر سماعت مقدمات میں ایسے مقدمات بھی یقینا ً مو جود ہیں جو مختلف قسم کی باہمی مخاصمت کی وجہ سے در ج کرائے گئے ہیں ان کا مجموعی طور پر جائزہ لینا ضروری ہے تاکہ بے گناہ لوگوں کو سزا اور مقدمات کی اذیت سے بچایا جاسکے کیونکہ جس طرح مجرم کو سزا سے بچانا جرم ہے اسی طرح بے گنا ہ کو سنگین سزا سے بچانا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔
