علی پورچٹھہ میں امیرالمومنین حضرت علی کا یومِ شہادت نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

Spread the love

وزیرآباد(نامہ نگار)علی پورچٹھہ میں امیرالمومنین حضرت علی کا یومِ شہادت نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں مجلسِ عزا اور ماتمی جلوس کا اہتمام کیا گیا جس میں عزاداروں اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے حضرت علیؑ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق چوک امیر حمزہ میں واقع منیر حسین جعفری مرحوم کی رہائش گاہ پر شہادتِ حضرت علیؑ کے حوالے سے مجلس منعقد ہوئی۔ مجلس سے مولانا نصیر حسین سمیت دیگر علمائے کرام و ذاکرین عظام نے خطاب کرتے ہوئے حضرت علی المرتضیٰؑ کی حیاتِ طیبہ، شجاعت، عدل و انصاف اور اسلام کے لیے ان کی بے مثال خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ حضرت علیؑ نے رضائے الٰہی کے حصول کے لیے اپنی پوری زندگی اسلام کی سربلندی اور حق و انصاف کے قیام کے لیے وقف کیے رکھی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علیؑ وہ عظیم ہستی ہیں جن کی ولادت خانہ کعبہ میں اور شہادت مسجدِ خدا میں ہوئی، جو تاریخِ اسلام کا ایک منفرد اور عظیم اعزاز ہے۔ مقررین نے مزید کہا کہ حضرت علیؑ نے پیغمبر اسلام ﷺ کی قیادت میں اسلام کے دفاع اور سربلندی کے لیے کئی معرکوں میں شرکت کی اور ہمیشہ بہادری و استقامت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ہمیشہ عدل، اخوت اور انسانیت کے اصولوں کو فروغ دیا اور اسلام میں داخل ہونے والے ہر شخص کو عزت و احترام دیا۔ مجلس کے اختتام پر شبیہۂ تابوتِ حضرت علیؑ برآمد کیا گیا جس میں علاقے بھر سے آئے ہوئے ماتمی دستوں اور عزاداروں نے شرکت کرتے ہوئے نوحہ خوانی اور ماتم کے ذریعے اپنے جذباتِ عقیدت کا اظہار کیا۔ ماتمی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا گوجرانوالہ روڈ اور سرکلر روڈ سے گزرتا ہوا امام بارگاہ سادات پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ بعد ازاں روزہ داروں کے لیے افطار کا بھی وسیع پیمانے پر اہتمام کیا گیا جس میں شرکاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ملک و ملت کی سلامتی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں