وزیرآباد(نا مہ نگار) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ویلفیئر اینڈ ری ہیبلیٹیشن یونٹ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صبا سحر اور محکمہ سوشل ویلفیئر محکمہ سپیشل ایجوکیشن محکمہ ہیلتھ محکمہ لیبر کے افسران اور پرچم ویلفیئر فاؤنڈیشن رجسٹرڈ محکمہ سوشل ویلفیئر حکومت پنجاب کے صدر محمد سرور چوہان سمیت ودیگر نے بھرپور شرکت کی اجلاس میں معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے جاری منصوبوں اور سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں معاون آلات (Assistive Devices) کی فراہمی کے لیے کیسز پیش کیے گئے۔ مجموعی طور پر 29 کیسز زیر غور آئے جن میں سے 23 ویل چیئرز، 3 ٹرائی وہیل سائیکلز اور 3 ٹرائی وہیل موٹر سائیکلز کی منظوری دی گئی تاکہ خصوصی افراد کی نقل و حرکت میں آسانی پیدا کی جا سکے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع گجرات میں دھی رانی پروگرام کے تحت 58 درخواستیں منظور کر کے لاہور ارسال کر دی گئی ہیں جبکہ مزید 15 درخواستوں پر کارروائی جاری ہے۔اس کے علاوہ خصوصی افراد کے لیے ہمت کارڈز کے تحت اب تک 1580 کارڈز تقسیم کیے جا چکے ہیں جن کے ذریعے مستحق افراد کو ماہانہ 10,500 روپے وظیفہ فراہم کیا جا رہا ہے۔اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ سرکاری اداروں میں 3 فیصد معذور کوٹہ پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ خصوصی افراد کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔
