
جہلم (بلال رضا) وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن، محترمہ سلمیٰ شاہین بٹ نے مشین محلہ نمبر 2 جہلم میں قائم ‘نگہبان رمضان سہولت بازار’ کا دورہ کیا۔ انہوں نے بازار میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا۔
دورے کے دوران محترمہ سلمیٰ شاہین بٹ نے خریداری کے لیے آئے ہوئے شہریوں سے براہِ راست گفتگو کی اور ان سے فراہم کردہ سہولیات و قیمتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ شہریوں نے اشیاء کے معیار اور نرخوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا، جس پر معاون خصوصی نے خوشی ظاہر کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے انتظامات کو سراہا۔
میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوام کو مہنگائی سے بچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فوڈ سیفٹی اور کنزیومر پروٹیکشن قوانین پر سختی سے عملدرآمد کے ذریعے ملاوٹ مافیا اور منافع خوروں کا قلع قمع کیا جا رہا ہے۔
معاون خصوصی نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ رمضان بازار میں اشیاء کی وافر دستیابی کو برقرار رکھا جائے تاکہ عوام کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے بازار کے مجموعی نظم و ضبط پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت عوامی ریلیف کے مشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
