یومِ پاکستان کے تاریخی موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ڈی سی آفس جہلم میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب کا انعقاد

Spread the love


​جہلم: ( بلال رضا) یومِ پاکستان کے تاریخی موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ڈی سی آفس جہلم میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی اور ایس پی انویسٹی گیشن سکندر گوندل نے مشترکہ طور پر قومی پرچم لہرایا۔ تقریب میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، پولیس حکام، سول ڈیفنس جہلم اور ریسکیو 1122 کے دستوں نے بھرپور شرکت کی۔

​تقریب کے دوران قومی پرچم فضا میں بلند کیا گیا، جس کے بعد سول ڈیفنس آفیسر محمد بوٹا کی زیرِ نگرانی سول ڈیفنس، پولیس اور ریسکیو 1122 کے چاک و چوبند دستوں نے پرچم کو سلامی پیش کی۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے مختلف شعبوں کے سربراہان اور سرکاری افسران موجود تھے۔ تقریب کا مقصد تحریکِ پاکستان کے شہداء اور بانیانِ پاکستان کی عظیم جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔

​ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے اپنے خطاب میں کہا کہ 23 مارچ ہمیں اس عہد کی یاد دلاتا ہے جس کے نتیجے میں برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد وطن میسر آیا۔ انہوں نے زور دیا کہ ڈپٹی کمشنر جہلم کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ ضلع کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے مشن پر کاربند ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وطنِ عزیز کی ترقی کے لیے انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس سمیت ہر ادارے کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔
​تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ تقریب کے شرکاء نے تمام اداروں کے اہلکاروں کے نظم و ضبط کو سراہا اور حاضرین کو یومِ پاکستان کی مبارکباد دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں