جہلم( بلال رضا) وفاقی وزیر مملکت برائے ریلوے و خزانہ بلال اظہر کیانی کا عید الفطر کے دوسرے روز جہلم کا تفصیلی دورہ؛ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری صفائی آپریشنز، ڈی ایچ کیو ہسپتال، ریسکیو 1122 اور سیف سٹی کنٹرول روم کے معائنے کے دوران عملے کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال جہلم کے مختلف وارڈز اور ایمرجنسی بلاک کا دورہ کیا۔ انہوں نے زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی، ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور ہسپتال انتظامیہ کو ادویات کی بلا تعطل فراہمی اور بہترین طبی سہولیات کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے عید کے موقع پر ڈیوٹی دینے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کے جذبہِ خدمت کو سراہا۔
دورے کے اگلے مرحلے میں وفاقی وزیر نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہر بھر میں جاری صفائی ستھرائی کی مہم کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق شہروں کو صاف ستھرا رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے اور عید کے دوران بھی فیلڈ میں موجود صفائی کا عملہ قوم کا اصل ہیرو ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان نے انہیں تحصیل میں جاری صفائی آپریشنز اور کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کے جدید نظام پر تفصیلی بریفنگ دی۔


آخر میں بلال اظہر کیانی نے ریسکیو 1122 اور سیف سٹی کنٹرول روم کا دورہ کر کے ایمرجنسی سروسز اور ڈیجیٹل نگرانی کے نظام کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سیکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کے عمل کو اطمینان بخش قرار دیا۔ وفاقی وزیر نے انتظامیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو ہر سطح پر تحفظ اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
