جہلم: ( بلال رضا) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان نے تحصیل دینہ کے مختلف میرج ہالز پر اچانک چھاپے مارے۔ کارروائی کا مقصد حکومت پنجاب کی جانب سے نافذ کردہ ون ڈش قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنانا اور وقت کی پابندی کا جائزہ لینا تھا۔
کارروائی کے دوران ایک میرج ہال میں ون ڈش قانون کی صریحاً خلاف ورزی پائی گئی، جس پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ ہال انتظامیہ کو 1 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ انہوں نے میرج ہال مالکان کو وارننگ دی کہ ون ڈش کی خلاف ورزی اور مقررہ وقت سے تجاوز کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ون ڈش قانون کا مقصد عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا اور غیر ضروری اخراجات کو روکنا ہے۔ ضلعی انتظامیہ میرج ہالز کے حوالے سے حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد کروانے کے لیے متحرک ہے اور اس سلسلے میں اچانک انسپکشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔
