
جہلم ( بلال رضا) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے تحصیل روڈ جہلم کا دورہ کیا اور وہاں ماڈل بازار کی جاری ترقیاتی اسکیم کے تعمیراتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس دورے کا بنیادی مقصد منصوبے کی تعمیراتی پیشرفت اور بیوٹیفکیشن (خوبصورتی) کے حوالے سے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے موقع پر موجود انجینئرز سے بریفنگ لی اور جاری کام کی رفتار کو چیک کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ماڈل بازار کی تعمیر میں اعلیٰ معیار کے مٹیریل کا استعمال یقینی بنایا جائے اور ڈیزائن کے مطابق خوبصورتی کے پہلوؤں پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی کام میں کسی بھی قسم کی غفلت یا غیر معیاری میٹیریل کا استعمال ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحصیل روڈ پر اس جدید ماڈل بازار کی تعمیر سے شہر کے حسن میں اضافہ ہوگا اور شہریوں کو خریداری کے لیے ایک پروقار اور خوبصورت ماحول میسر آئے گا۔ ضلعی انتظامیہ شہر کی تعمیر و ترقی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ جاری منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کر کے عوام کے لیے کھولا جا سکے۔
