
جہلم (بلال رضا) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے “ستھرا پنجاب” مہم کے تحت یونین کونسل پھلڑے سیداں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد یونین کونسل کی سطح پر صفائی ستھرائی کے مجموعی انتظامات، ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کی فعالی اور فیلڈ سٹاف کی حاضری و کارکردگی کو جانچنا تھا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے گھروں کی دہلیز پر جا کر شہریوں سے مہم کے ثمرات کے حوالے سے براہِ راست فیڈبیک بھی حاصل کیا۔ عوام نے صفائی کے موجودہ نظام پر اطمینان کا اظہار کیا جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے عملے کو ہدایت کی کہ اس معیار کو مستقل بنیادوں پر برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق “ستھرا پنجاب” مہم کو نچلی سطح تک کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انتظامیہ کا مقصد شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ بیماریوں سے پاک معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے اور تحصیل بھر میں صفائی کا مثالی کلچر فروغ پائے۔
