
جہلم (بلال رضا) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں چک خاصہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے پولیو ٹیموں کے ہمراہ گھر گھر جا کر بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کے عمل کی نگرانی کی اور والدین کو مہم کی اہمیت سے آگاہ کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر آفتاب اشرف نے یونین کونسل مانیٹرنگ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ 13 تا 16 اپریل جاری رہنے والی اس مہم کے دوران مقررہ اہداف کو ہر صورت حاصل کیا جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی بچہ حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہے تاکہ ضلع کو وائرس سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ نگرانی ضلعی انتظامیہ پولیو کے خاتمے کے لیے فیلڈ میں متحرک ہے۔ انتظامیہ کے مطابق مہم کی کامیابی کے لیے مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کیا گیا ہے اور دور افتادہ علاقوں میں ٹیموں کی بروقت رسائی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ نئی نسل کی صحت اور محفوظ مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔
