
جہلم (بلال رضا) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے تحصیل پنڈ دادنخان کا خصوصی دورہ کیا اور وہاں بازار کو ماڈل بنانے کے جاری منصوبہ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دادنخان عائشہ شفقت نے ڈپٹی کمشنر کو بازار کی تزئین و آرائش، تجاوزات کے خاتمے اور توسیعی کاموں کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے تعمیراتی مواد اور کام کے معیار کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ یہ منصوبہ اپنے متعین وقت کے اندر پایہ تکمیل کو پہنچ سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بازار کو مثالی بنانے کے اس کام میں کسی بھی قسم کی تاخیر قبول نہیں کی جائے گی اور کام کی تیزی کے ساتھ ساتھ پائیداری پر بھی کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ اسسٹنٹ کمشنر عائشہ شفقت نے یقین دہانی کرائی کہ بازار کی جدید خطوط پر استواری کے لیے مانیٹرنگ مزید سخت کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے پنڈ دادنخان کے حسن میں اضافے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بازار کو ماڈل بنانے کے اس منصوبہ کی تکمیل سے شہریوں کو خریداری کے لیے پرسکون اور صاف ستھرا ماحول میسر آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف ٹریفک کے مسائل حل ہوں گے بلکہ علاقے کی معاشی سرگرمیوں میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔
