

جہلم (بلال رضا) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کے احکامات پر ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی میمونہ انجم نے الصفہ ریلیف ہیڈ پاکستان شمس الدین کے ہمراہ ٹلہ جوگیاں کے دشوار گزار گاؤں موگلی کا دورہ کیا۔ اس مشترکہ دورے کا مقصد وہاں حال ہی میں قائم کردہ لٹریسی اینڈ نان فارمل سکول میں تدریسی عمل، بچوں کی حاضری اور میسر ہیلتھ کیئر سہولیات کا جائزہ لینا تھا۔
دورے کے دوران بچوں کی تعلیمی ترقی اور صحت کی فراہمی کا معائنہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے متعلقہ افسران کو تاکید کی ہے کہ اس دور افتادہ گاؤں موگلی کے ہر بچے کو تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ الصفہ ریلیف ہیڈ پاکستان شمس الدین نے ضلعی انتظامیہ کے اس تعلیمی منصوبہ کو سراہتے ہوئے بچوں کو مزید بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
اس منصوبہ کا محور ٹلہ جوگیاں کے ان علاقوں تک رسائی حاصل کرنا ہے جہاں تعلیمی سہولیات کا فقدان ہے۔ الصفہ ریلیف کے تعاون سے گاؤں موگلی کے بچوں کو درسی کتب، اسٹیشنری اور صحت کی سہولیات کی فراہمی میں مدد مل رہی ہے تاکہ ان بچوں کو بھی شہر کے برابر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ ڈی او لٹریسی نے اس عزم کو دہرایا کہ اسکول کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا۔
