جہلم:( بلال رضا ) وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کے بھائی حمزہ اظہر کیانی نے محکمہ واسا اور ٹیم بلال اظہر کیانی کے ہمراہ جہلم کی ضلعی کچہری سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع مسلم ٹاؤن کا دورہ کیا، جہاں نکاسی آب کے ناقص نظام کے باعث سیوریج کا گندا پانی جوہڑوں کی شکل اختیار کر چکا ہے۔


دورے کے دوران حمزہ اظہر کیانی نے علاقے کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور اہل علاقہ سے درپیش مسائل پر آگاہی حاصل کی۔ شہریوں نے شکایت کی کہ طویل عرصے سے نکاسی آب کا نظام ناکارہ ہونے کی وجہ سے گندا پانی گلیوں میں جمع رہتا ہے، جس سے نہ صرف آمدورفت متاثر ہو رہی ہے بلکہ مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔
اس موقع پر حمزہ اظہر کیانی نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ سیوریج کے اس دیرینہ مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر مستقل طور پر حل کیا جائے اور نکاسی آب کا جدید اور مؤثر نظام جلد از جلد قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ واسا اور متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے فوری اقدامات کریں تاکہ مسلم ٹاؤن کے مکینوں کو اس مشکل صورتحال سے نجات دلائی جا سکے۔ واضح رہے کہ الیکشن مہم کے دوران وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے اس دیرینہ مسئلے کو حل کرنے کے لیے جو وعدے کیئے تھے وہ اب وفا ہو رہے ہیں ۔
