


لاہور (اردو گلوبل نیوز حکیم رفعت نسیم سے) ۔۔۔ جدید ٹیکنالوجی نے دنیا میں ایک ہمہ گیر انقلاب برپا کر دیا ہےانٹرنیٹ پر جدید علوم کی آسان دستیابی نے عالمی سطح پر تعلیم و تحقیق اور ترقی کے بے شمار مواقع پیدا کیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار معروف سائنس دان، محقق اور سابق وفاقی وزیر پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمان نے کیا وہ گزشتہ روز ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام منعقدہ انٹرنیشنل چلڈرنز ہیلتھ کانفرنس سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس عالمی ادارہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی سالانہ تھیم “صحت کے لیے متحد ہوں، سائنس کے ساتھ کھڑے ہوں” کے تحت منعقد ہوئی، جس کی میزبانی فاؤنڈیشن کی صدر سعدیہ راشد نے کی۔کانفرنس میں سربراہ سندھ ریجن ورلڈ ہیلتھ ارگنائزیشن ڈاکٹر مختار بھایو،مینجنگ ڈائریکٹر اینڈ چیف ایگزیکٹو افیسر ہمدرد پاکستان محترمہ فاطمہ منیر احمد،چیف اپریٹنگ افیسر جناب فیصل ندیم وائس چانسلر ہمدرد یونیورسٹی ڈاکٹر انجینیئر عمران امین پروفیسر ڈاکٹر حکیم عبدالحنان اور جناب سید محمد ارسلان سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی، جبکہ مختلف ممالک سے نونہال مقررین نے بذریعہ زوم اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اپنے خطاب میں ڈاکٹر عطا الرحمان نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی برق رفتاری سے ترقی دنیا کو یکسر بدل رہی ہے، اور آنے والے عشروں میں ایک نئی دنیا ہمارے سامنے ہوگی۔ انہوں نے طبی تحقیق میں ہونے والی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ جدید چِپس کے ذریعے دماغی امراض جیسے پارکنسنز کے علاج کے امکانات روشن ہو رہے ہیں، جبکہ مصنوعی ذہانت انسان کو اپنے ذہن سے مشینوں کو کنٹرول کرنے کے قابل بنا رہی ہے۔انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب علم چند ممالک تک محدود نہیں رہا بلکہ انٹرنیٹ کے ذریعے ہر شخص کے لیے دستیاب ہے، لہٰذا نئی نسل کو چاہیے کہ وہ محنت، دیانت اور سیکھنے کے جذبے کو اپنائے۔ابتدائی کلمات میں محترمہ سعدیہ راشد نے کہا کہ سائنس دراصل فطرت کو سمجھنے کا نام ہے اور یہ ہماری روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ ہے۔ انہوں نے اس وژن کو حکیم محمد سعید کی فکر سے جوڑا، جنہوں نے نوجوانوں کی فکری و سائنسی تربیت کے لیے ایسے پلیٹ فارمز کے قیام کا تصور پیش کیا۔ محترمہ فاطمہ منیر احمد نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی حالات میں صحت کے پیچیدہ مسائل اس بات کے متقاضی ہیں کہ ہم اپنے ہیلتھ کیئر نظام کو سائنسی بنیادوں پر استوار کریں اور فطرت کے ساتھ ہم آہنگ کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ روایتی طب کو جدید سائنس کے ساتھ جوڑ کر مؤثر اور جامع نظام صحت تشکیل دیا جا سکتا ہے۔کانفرنس کے حوالے سے عالمی سطح پر بھی پذیرائی سامنے آئی۔ ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم گیبریئسس، ڈاکٹر حنان بلخی اور ایلین تھوم نے اپنے تہنیتی پیغامات میں صدر ہمدرد فاؤنڈیشن محترمہ سعدیہ راشد کی قیادت میں صحت کے فروغ کے لیے جاری کاوشوں کو سراہا۔کانفرنس میں پاکستان سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے بچوں اور نوجوان مندوبین نے شرکت کی اور صحت،سائنس اور مستقبل کے چیلنجز پر اپنے خیالات پیش کئے
