ڈاکٹر عمیر محمود صدیقی صاحب سے ان کے ادارےCity of Knowledge میں جا کر ملاقات کی .پیر سید لخت حسنین

Spread the love

آج مورخہ 16 اپریل کی سہ پہر کراچی میں ڈاکٹر عمیر محمود صدیقی صاحب سے ان کے ادارےCity of Knowledge میں جا کر ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔ ان کا نام تو بہت سنا تھا، لیکن آمنے سامنے بیٹھ کر تفصیلی گفتگو کا موقع پہلے کبھی نہیں ملا تھا۔

وہ کراچی یونیورسٹی میں بطور ایسوسی ایٹ پروفیسر خدمات کے علاوہ او آئی سی جیسے کئی بین الاقوامی اداروں سے وابستہ ہیں اور پاکستان کی اسلامی نظرياتى نظریاتی کونسل کے رکن کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔

انہوں نے اندرون اور بیرونِ ملک مصروفیات کے باوجود City of Knowledge کے ذریعے خاص طور پر پڑھے لکھے طبقے، آفیسر کلاس اور ایلیٹ گروپ پر توجہ مرکوز رکھی ہے، تاکہ نہ صرف وہ خود بلکہ ان کی آئندہ نسلیں بھی اسلام پر مضبوطی سے قائم رہیں اور ان کے اذہان کو شکوک و شبہات اور وسوسوں سے
محفوظ رکھا جا سکے۔

ڈاکٹر صاحب نے متعدد ممالک کے تعلیم و تحقیق کے سلسلہ میں دورے بھی کیے ہیں جن میں سنگا پور، کینیڈا، قطر، ماریشس، دمشق اور تونس قابل ذکر ہیں آپ کی تصانیف کی تعداد بیس سے تجاوز کر گئی ہے جن میں خصوصی طور پر حرمت تکفیر مسلم ، شیخ ابن عربی کا تصور نبوت اور عقیدہ ختم نبوت، پاکستان کا مطلب کیا ؟ قابل ذکر ہیں۔

آج کے دور میں جہاں مختلف طریقوں سے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف ذہنی انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، وہاں ان کی یہ کاوش واقعی قابلِ قدر ہے۔ ادارے کا ماحول دیکھ کر یقین ہوا کہ یہاں اخلاص کے ساتھ تربیت کا عمل جاری ہے۔

ملاقات کے اختتام پر انہوں نے میرے ساتھ ایک خوبصورت پوڈکاسٹ بھی ریکارڈ کیا، جس میں سوال یہ تھا کہ نوجوان نسل کو موجودہ اور آنے والے چیلنجز سے کیسے محفوظ رکھا جائے۔ میں نے اپنی استطاعت کے مطابق اس کا جواب دینے کی کوشش کی۔

یہ سوال ہر صاحبِ فکر کے ذہن میں ہے، کیونکہ آج کا زمانہ فکری انتشار اور وسوسوں کا زمانہ بن چکا ہے۔ علما اور قومی شخصیات پر بھی بے بنیاد الزامات لگا کر نوجوانوں کو ان سے بدظن کرنے کی کوشش کی جارهى ہے۔ تاہم تاریخ گواہ ہے کہ ایسے عناصر ہمیشہ آئے اور بالآخر مٹ گئے۔

اللہ تعالیٰ ہمیں توفیق دے کہ ہم اپنے اکابرین کی قدر پہچانیں، ان کے کارناموں کو اجاگر کریں، اور نیک و صالح لوگوں کی صحبت اختیار کر کے اپنے ایمان اور اپنی نسلوں کی حفاظت کی کوشش کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں