وزیرآباد مین بازار بیوٹیفکیشن منصوبہ شہریوں کے لیے وبال جان بن گیا

Spread the love

وزیرآباد ( حکیم رفعت نسیم سے)
مین بازار میں بیوٹیفکیشن کے نام پر تعمیر کیا جانے والا نالہ شہریوں کے مسائل میں کمی کے بجائے اضافہ کا سبب بننے لگا۔ خرادیاں والی گلی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے نے انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا، جہاں ایک معمر نمازی مسجد سے واپسی پر کھلے اور نامکمل نالے میں گر کر زخمی ہو گیا۔
مقامی افراد کے مطابق نالے کی تعمیر کا کام گزشتہ دو ماہ سے التواء کا شکار ہے۔ نہ تو اس کی صفائی کا کوئی مؤثر انتظام کیا گیا ہے اور نہ ہی اسے کسی مرکزی نکاسی نظام کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے، جس کے باعث گندا پانی جمع ہو کر تعفن اور بیماریوں کا باعث بن رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کھلا نالہ حادثات کو دعوت دے رہا ہے، خصوصاً بزرگ افراد اور بچوں کے لیے یہ ایک سنگین خطرہ بن چکا ہے۔
اہل علاقہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ نالے کی تعمیراتی کام کو فوری مکمل کیا جائے، اسے ڈھانپنے اور نکاسی آب کے مؤثر نظام سے جوڑنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے اور شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں