پنجاب نیشنل موومنٹ پاکستان کے وفد کی زین شاہ پنجابی کے گھر آمد، تعزیت اور مکمل تعاون کی یقین دہانی

Spread the love

راولپنڈی — پنجاب نیشنل موومنٹ کے رہنماؤں اور لائرز ونگ کے وفد نے مقتول زین شاہ پنجابی کے گھر پہنچ کر اہلِ خانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ وفد نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی اور سوگوار خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
وفد کی قیادت صالحہ خلیل اور دیگر اراکین نے کی۔ اس موقع پر وفد نے کہا کہ زین شاہ پنجابی کے قتل کا واقعہ انتہائی افسوسناک، سفاکانہ اور قابلِ مذمت ہے، جبکہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن قانونی معاونت فراہم کی جائے گی۔
وفد نے اہلِ خانہ کو یقین دہانی کروائی کہ پنجاب نیشنل موومنٹ اور پوری پنجابی قوم مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے، اور تنظیم کی جانب سے جانی، مالی اور قانونی امداد سمیت ہر سطح پر تعاون جاری رکھا جائے گا۔
اس موقع پر وفد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کسی بھی جتھے، گروہ یا تنظیم کو اس قسم کے گھناؤنے فعل کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ کسی شخص کو اس قدر بے رحمی سے اغوا اور تشدد کا نشانہ بنائے، قتل کرے، لاش کی بے حرمتی کرے، اور پھر انتظامیہ پر دباؤ ڈالنے کے لیے قومیت اور لسانیت کی بنیاد پر وزیرستان سے جتھے بلوائے جائیں۔ وفد نے مزید کہا کہ پوری پنجابی قوم کے خلاف نفرت انگیز پراپیگنڈا ناقابلِ قبول ہے۔
وفد کے مطابق زین شاہ کے جسم پر پوسٹ مارٹم رپورٹ میں 1066 زخموں کا انکشاف ہوا، جو اس واقعے کی سنگینی اور سفاکیت کو ظاہر کرتا ہے۔ وفد کا کہنا تھا کہ قانون کی بالادستی اور ہر پاکستانی کے جان و مال اور عزت کے تحفظ کو یقینی بنانا ریاست اور معاشرے دونوں کی ذمہ داری ہے۔
پنجاب نیشنل موومنٹ کے نمائندوں نے مزید کہا کہ مقتول کے اہلِ خانہ کو انصاف دلانے کے لیے قانونی ٹیم ہر ممکن اقدامات کرے گی اور کیس کی شفاف تحقیقات کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطے میں رہے گی۔
آخر میں وفد نے مرحوم زین شاہ پنجابی کے درجات کی بلندی، مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں