القاسم انسٹیٹیوٹ کے خصوصی بچوں کا بڑا کارنامہ، نیشنل اسپیشل اولمپکس میں سلور اور برانز میڈلز اپنے نام کر لیے

Spread the love


​اسلام آباد (بلال رضا): نیشنل اسپیشل اولمپکس گیمز ۲۰۲۶ء میں القاسم انسٹیٹیوٹ برائے اسپیشل بچکان کے ہونہار ایتھلیٹس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک بھر میں ادارے، اساتذہ اور اپنے والدین کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
​تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں منعقدہ نیشنل اسپیشل اولمپکس کے ۱۰۰ میٹر دوڑ کے مقابلوں میں القاسم انسٹیٹیوٹ کے باصلاحیت بچوں عمر سعدد اور ہمایوں اسلم نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سخت مقابلے کے بعد ایک پوزیشن ہولڈر بچے نے دوسری (سلور میڈل) جبکہ دوسرے نے تیسری (برانز میڈل) پوزیشن حاصل کر کے میدان مار لیا۔
​میڈلز کی تقسیم کی پروقار تقریب کے دوران مہمانانِ گرامی اور کوچز نے پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو میڈلز پہنائے اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔ اس موقع پر گراؤنڈ میں موجود شرکاء نے تالیاں بجا کر بچوں کی اس شاندار کامیابی کو سراہا۔
​شاندار کامیابی پر القاسم انسٹیٹیوٹ کے انتظامیہ، اساتذہ، اسٹاف اور والدین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی جا رہی ہے۔ تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ:
​”یہ کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اگر محنت، پختہ حوصلہ اور درست رہنمائی میسر ہو تو خصوصی بچے بھی کسی سے پیچھے نہیں رہتے اور ہر میدان میں نمایاں مقام حاصل کر سکتے ہیں۔”
​ادارے کی بانی، اساتذہ اور معاون اسٹاف کی انتھک محنت اور محبت رنگ لے آئی ہے جس نے ان بچوں کو اس قابل بنایا کہ وہ قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔ سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں کی جانب سے بچوں کے لیے دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے کہ اللہ تعالیٰ ان بچوں کو مستقبل میں بھی ایسی مزید کامیابیاں، خوشیاں اور ترقیاں عطا فرمائے۔ (آمین)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں