ڈسٹرکٹ وزیر اباد کے نواہی علاقہ قصبہ سوہدرہ میں ترقی و خوشحالی کا نیا باب، متعدد ترقیاتی منصوبے تیزی سے جاری

Spread the love


سکندر ملک
سوہدرہ اور گردونواح میں حالیہ عرصے کے دوران ترقیاتی سرگرمیوں میں غیر معمولی تیزی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری، عوامی سہولیات کی فراہمی اور شہری مسائل کے حل کے لیے مختلف منصوبوں پر عملی طور پر کام جاری ہے۔ ان منصوبوں کا مقصد علاقہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور عوام کو بہتر طرزِ زندگی فراہم کرنا ہے۔

بریگیڈیئر قاضی بابر علاؤالدین ستارۂ امتیاز (ملٹری) ریٹائرڈ کی زیر نگرانی سوہدرہ اور ملحقہ علاقوں میں متعدد ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے، جن میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، گلیوں کی بحالی، پی سی سی (PCC) منصوبے، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور دیگر عوامی فلاحی منصوبے شامل ہیں۔ مختلف منصوبوں کے معیار اور رفتار کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ مقامات کے مسلسل دورے بھی کیے جا رہے ہیں۔

سوہدرہ سرکلر روڈ پر ٹف ٹائلز کی تنصیب کا کام عوامی سہولت کے لیے اہم منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف شہری خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ ٹریفک کی روانی اور پیدل چلنے والوں کو بھی بہتر سہولت میسر آئے گی۔ اسی طرح مین روڈ سوہدرہ کے شولڈرز پر ٹف ٹائلز اور نالہ کی تعمیر و بحالی کے منصوبے بھی جاری ہیں تاکہ بارشوں کے دوران نکاسی آب کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔

علاقے کی مختلف گلیوں اور محلوں میں اسٹریٹ ورک، نئی سڑکوں کی تعمیر، ٹوٹ پھوٹ کا شکار راستوں کی بحالی اور پی سی سی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ان منصوبوں سے نہ صرف شہریوں کو بہتر سفری سہولت حاصل ہوگی بلکہ دیہی و شہری رابطہ بھی مزید مضبوط ہوگا۔

کوٹ مارتھ، کوٹ آرائیاں، رندھیر باگڑھیاں، سمبڑیال اور دیگر ملحقہ علاقوں میں بھی ترقیاتی کاموں کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے، جہاں رابطہ سڑکوں، نکاسی آب اور بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ متعلقہ حکام اور کنٹریکٹرز کو منصوبوں کی بروقت تکمیل اور اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کی واضح ہدایات دی گئی ہیں۔

ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ عوامی رابطہ مہم بھی جاری ہے، جس کے تحت معززین علاقہ، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں سے ملاقاتیں کر کے ان کے مسائل سنے جا رہے ہیں اور ترجیحی بنیادوں پر حل کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ بریگیڈیئر قاضی بابر علاؤالدین نے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دی اور سوہدرہ کی تعمیر و ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے۔ عوامی و سماجی حلقوں کے مطابق ان کی قیادت میں ہونے والے ترقیاتی کام آنے والی نسلوں کے لیے ایک مضبوط بنیاد ثابت ہوں گے اور سوہدرہ کو جدید اور مثالی علاقہ بنانے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

علاقے کے عوام نے جاری ترقیاتی سرگرمیوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ سوہدرہ میں جاری یہ منصوبے مستقبل میں ترقی، خوشحالی اور بہتر شہری نظام کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر اسی جذبے اور رفتار کے ساتھ کام جاری رہا تو سوہدرہ جلد ایک جدید اور مثالی علاقہ بن کر سامنے آئے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں