جہلم (بلال رضا) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کے وژن، وزیرِ کھیل پنجاب و امورِ نوجوانان فیصل ایوب کھوکھر کی خصوصی ہدایات اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی سرپرستی میں ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ جہلم کے زیر اہتمام “کراٹے چیمپئن شپ 2026” کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ ایونٹ کا مقصد نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور کھیلوں کے فروغ کو یقینی بنانا تھا۔


چیمپئن شپ میں ضلع جہلم کے مختلف علاقوں سے بچوں اور نوجوان کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی جبکہ ضلع گجرات سمیت دیگر اضلاع کے کھلاڑیوں نے بھی حصہ لیا۔ اس مقابلے نے ایونٹ کی رونق کو مزید بڑھایا اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بہترین موقع فراہم کیا۔
تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات اور اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر سی او ضلع کونسل جہلم و سی ای او میونسپل کمیٹی جہلم ضیاء اللہ رانجھا بطور چیف گیسٹ شریک ہوئے جبکہ سی او ایم سی سوہاوہ نے بھی خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے افسران جن میں ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چوہدری محمد طارق، تحصیل سپورٹس آفیسر دینہ محمد عاقب اور تحصیل سپورٹس آفیسر سوہاوہ اسد ملک شامل تھے، نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ ایسے ایونٹس نوجوانوں کی تربیت اور صحت مند معاشرے کے قیام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
