
جہلم ( بلال رضا ) معروف نعت خواںقاری رخسار حسین قادری نے کہا ہے کہ نعت رسولﷺپڑھنے اور سننے سے دل کو سکون اور روح کو تازگی ملتی ہے اور یہ عظیم دولت صرف نصیب والوں کو ہی ملتی ہےکہ وہ اپنےاندر موجود عشق محمد ﷺ کو اپنی آواز اور انداز کے ذریعے دنیا کے سامنے بیان کریں۔قاری رخسار حسین قادری نے بتایا کہ انہیں پاکستان کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں محافل نعت میں شرکت اور نعت خوانی کی سعادت حاصل ہو چکی ہے جن میں لاہور، ملتان، فیصل آباد، آزاد کشمیر، ڈھڈیال، اسلام آباد، جہلم، راولپنڈی، گجرات، گجر خان، چکوال اور پشاور شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص رمضان المبارک میں منعقد ہونے والی روح پرور محافل نعت میں بھی انہیں شرکت کے لیےمدعو کیا جاتا ہے جس پر وہ اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے معروف نعت خواں قاری شاہدمحمود قادری، احمد علی حاکم، خالد حسنین خالد اور شہباز آفریدی سمیت دیگر نعت خوانوں کو پسندکرتے ہیں اور ان کے اندازِ نعت سے بہت متاثر ہیں۔ قاری رخسار حسین قادری کے مطابق نعت خوانی صرف الفاظ کی ادائیگی یا آواز کانام نہیں بلکہ یہ دراصل عشق محمد ﷺ کے اظہار کا ایک عملی اور روحانی ذریعہ ہے جس کا انسان کے دل، دماغ اور روح سے گہرا تعلق ہوتاہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کافی عرصے سے نعت خوانی کر رہے ہیں اور ان کے نزدیک نعت خوانی روح کی پاکیزگی اور دل و دماغ کی ترو تازگی کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اللہ تعالی کا خاص کرم ہے کہ اس نے انہیں اپنے محبوب نبی حضرت محمد ﷺ کا ذکر کرنے کی سعادت عطا فرمائی۔
