الطاف پارک میں اسپیشل بچوں کی صفائی مہم اور شجرکاری، شہریوں کو ماحول دوست اور ذمہ دار بننے کا طاقتور پیغام
اے سی کوآرڈ ملک عامر شہزاد، انچارج تحفظ مرکز رضوان، حمزہ اور ایڈیشنل چیف سول ڈیفنس سعید احمد کی خصوصی شرکت،

جہلم (بلال رضا): وزیر اعلیٰ پنجاب کے “ستھرا پنجاب” ویژن اور ملک کو سرسبز و شاداب بنانے کے عزم کے تحت ضلعی انتظامیہ جہلم اورالقاسم انسٹیٹیوٹ سپیشل بچکان برائے اسلام پورہ جہلم کے سانجھے تعاون سے الطاف پارک جہلم میں ایک پروقار آگاہی اور شجرکاری پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر (کوآرڈینیشن) جہلم ملک عامر شہزاد، پولیس تحفظ مرکز کے انچارج رضوان، حمزہ اور محکمہ سول ڈیفنس سے ایڈیشنل چیف سعید احمد نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ان کے ہمراہ القاسم انسٹیٹیوٹ سپیشل بچکان کے، اساتذہ، کونسل صدر ملک آصف، ممتاز سماجی رہنما شکیل انصاری اور دیگر کونسل ممبران بھی موجود تھے۔
تفصیلات کے مطابق، پروگرام کا مقصد معاشرے میں صفائی ستھرائی کی اہمیت اور درختوں کی ضرورت کا شعور بیدار کرنا تھا۔ تقریب کے دوران القاسم انسٹیٹیوٹ کے اسپیشل بچوں نے الطاف پارک میں خود صفائی مہم میں حصہ لیا، کوڑا کرکٹ اکٹھا کیا اور عوام کو یہ پیغام دیا کہ تفریح گاہوں اور عوامی پارکوں میں گندگی پھیلانے سے گریز کریں۔ اس کے ساتھ ہی بچوں نے پارک میں پودے لگا کر “گرین پاکستان” کا پیغام دیا اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ملک کو سرسبز بنائیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مہمانانِ گرامی ملک عامر شہزاد، انچارج رضوان اور سعید احمد نے اسپیشل بچوں کے بلند عزم اور جذبے کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان معصوم بچوں نے عملی طور پر صفائی اور شجرکاری کر کے عام شہریوں کو ایک بڑا سبق دیا ہے۔ انہوں نے کونسل صدر ملک آصف، شکیل انصاری اور القاسم انسٹیٹیوٹ کے اسٹاف کی ان تھک کاوشوں کو سراہا جو ان بچوں کو معاشرے کا ایک فعال اور کارآمد حصہ بنا رہے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر ضلعی افسران اور کونسل عہدیداران کی جانب سے اسپیشل بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ان میں کھانے پینے کی اشیاء اور مختلف تحائف تقسیم کیے گئے، جس سے بچوں کے چہروں پر خوشی بکھر گئی۔
