پاکستان اور چین کے درمیان لازوال دوستی کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک پروقار اور رنگا رنگ تقریب کا انعقاد

Spread the love


جہلم ( بلال رضا ) پاکستان اور چین کے درمیان لازوال دوستی کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر حکومتِ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت ایک پروقار اور رنگا رنگ تقریب کا انعقاد دفتر ضلع کونسل میں کیا گیا۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی ، اسسٹنٹ کمشنر آفتاب اشرف ، ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری ، سی او ضلع کونسل ضیاء اللہ رانجھا ، سمیت دیگر افسران اور مختلف محکموں کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کے آغاز میں پاک چین دوستی کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان اور چائنہ کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور گہرے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی پرچم نہایت باوقار انداز میں لہرائے گئے پیرا فورس اور سول ڈیفنس نے سلامی پیش کی ۔ جبکہ شرکاء نے کھڑے ہو کر قومی ترانوں کو سنا، جس سے ماحول حب الوطنی اور بین الاقوامی دوستی کے جذبے سے بھر گیا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن پاک چین جھنڈا لہرایا، جس کے دوران شرکاء نے تالیاں بجا کر دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ جبکہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی و سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
تقریب کے دوران پاک چین دوستی کی خوشی میں خصوصی کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والے برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون تجارت، تعلیم، ثقافت اور ترقیاتی منصوبوں کے شعبوں میں مزید وسعت اختیار کرے گا۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پاک چین دوستی خطے میں امن، استحکام اور ترقی کی ضامن ہے۔
اختتامی کلمات میں کہا گیا کہ اس طرح کی تقریبات نہ صرف دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لاتی ہیں بلکہ نوجوان نسل میں بھی دوستی، تعاون اور باہمی احترام کا جذبہ پیدا کرتی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور چائنہ کی دوستی کو ہر سطح پر مزید مضبوط بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں