ینگ ویلفیئر کونسل پاکستان ضلع جہلم کے جنرل سیکرٹری غفران احمد قریشی انتقال کر گئے

Spread the love

جہلم (نمائندہ خصوصی)
جہلم کی معروف سماجی شخصیت اور ینگ ویلفیئر کونسل پاکستان ضلع جہلم کے جنرل سیکرٹری غفران احمد قریشی رضائے الٰہی سے وفات پا گئے۔ ان کے انتقال کی خبر سے سماجی، فلاحی اور مذہبی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔ مرحوم اپنی شائستگی، خوش اخلاقی، انسان دوستی اور سماجی خدمات کے باعث عوام میں بے حد مقبول تھے۔

مرحوم نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ دکھی انسانیت کی خدمت، فلاحی سرگرمیوں اور معاشرتی بہتری کے لیے وقف کر رکھا تھا۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا رہے گا اور ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں محسوس کیا جاتا رہے گا۔

مرحوم کی نمازِ جنازہ میں ینگ ویلفیئر کونسل پاکستان کے بانی و مرکزی چیئرمین ملک تنویر نوشاہی، ضلع جہلم کے سرپرستِ اعلیٰ سید طاہر محمود شاہ، محمد اصف، سجاد قریشی، مشتاق احمد، یوسف بٹ سمیت متعدد سماجی، فلاحی اور مذہبی شخصیات، دوست احباب اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر مقررین نے مرحوم کی سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ غفران احمد قریشی ایک مخلص، دردِ دل رکھنے والے اور ہر وقت دوسروں کے کام آنے والے انسان تھے۔ ان کی وفات نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے جہلم کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔

نمازِ جنازہ کے بعد مرحوم کے ایصالِ ثواب اور بلندیٔ درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، ان کی لغزشوں کو معاف کرے اور پسماندگان کو یہ صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔

إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں