
جہلم( بلال رضا ) پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نے ضلع جہلم میں اپنے آپریشنز کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد شہر کے ماحولیاتی حسن کو نکھارنا اور شہریوں کو بہترین تفریحی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ضلعی انچارج پی ایچ اے سنیہ صافی کے مطابق، اتھارٹی کے زیر انتظام ضلع جہلم کے سات مختلف پارکوں اور جی ٹی روڈ پر واقع گرین بیلٹ کو بہتر بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اس مہم کے تحت پارکوں اور سبزہ زاروں کی صفائی ستھرائی، پودوں کی سائنسی بنیادوں پر کٹنگ اور انہیں خوبصورت بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی اور کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کے لیے عملے کو جدید ترین آلات اور مشینری بھی فراہم کر دی گئی ہے تاکہ جہلم کو ایک سرسبز اور ماڈل ضلع بنایا جا سکے۔
