

جہلم (بلال رضا) مہربانی ویلفیئر پروجیکٹ نے اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے مستحق اور نادار خاندانوں کی مدد کے لیے ایک اہم فلاحی اقدام کیا۔ اس موقع پر مہربانی ویلفیئر پروجیکٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر شہزانہ امتیاز نے 4 مستحق خاندانوں کو روزگار کے لیے دکانوں کا سامان فراہم کیا تاکہ وہ باعزت طریقے سے اپنے اہل خانہ کی کفالت کر سکیں۔
تقریب کے دوران 6 بے روزگار خواتین میں سلائی مشینیں بھی تقسیم کی گئیں تاکہ وہ گھریلو سطح پر روزگار حاصل کر کے اپنی آمدنی میں اضافہ کر سکیں۔ علاوہ ازیں 2 ایسے طالب علموں کو سائیکلیں فراہم کی گئیں جو مالی مشکلات کے باعث سکول وین کا کرایہ برداشت کرنے سے قاصر تھے، جس سے ان کی تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر معروف سماجی شخصیت عبدالغفور چوہان، ڈاکٹر میوش ، عبدالغفور ملک ،
صدر الفلاح تنظیم محمد عمربٹ، حاجی محمد افضل موجود تھے۔ مقررین نے ڈاکٹر شہزانہ امتیاز اور مہربانی ویلفیئر پروجیکٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستحق افراد کو خیرات کے بجائے روزگار کے مواقع فراہم کرنا ایک قابلِ ستائش عمل ہے، جس سے خاندان خود کفیل بنتے ہیں اور معاشرے میں مثبت تبدیلی آتی ہے۔
ڈاکٹر شہزانہ امتیاز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مہربانی ویلفیئر پروجیکٹ آئندہ بھی دکھی انسانیت کی خدمت اور مستحق خاندانوں کی بحالی کے لیے اپنے فلاحی منصوبے جاری رکھے گا۔
