جہلم ماڈل بازار یا ماڈل رکاوٹ؟

Spread the love

شاندار چوک جہلم:

جہلم میں بیوٹیفیکیشن کے نام پر شہر اور شہریوں کی شہ رگ بند کرنے کی تیاری؟
تحصیل روڈ شاندار چوک کی ایک سڑک ہے بازار نہیں جس طرح شاندار چوک کی باقی 3 سڑکیں سول لائن روڈ، ریلوے روڈ اور مشین محلہ روڈ کاروباری علاقہ بھی ہیں اور رہائشی علاقے بھی ہیں۔
جہلم ایک تاریخی اور تجارتی شہر ہے، مگر آج اس شہر کے ہزاروں شہری، تاجر اور روزگار سے وابستہ افراد ایک ایسے منصوبے پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں جو بظاہر ترقی کے نام پر پیش کیا جا رہا ہے لیکن اس کے نتائج شہری زندگی، کاروبار اور آمدورفت کے لیے انتہائی سنگین ثابت ہو سکتے ہیں۔

شاندار چوک صرف ایک چوک نہیں بلکہ جہلم شہر کی دھڑکتی ہوئی شہ رگ ہے۔ یہ وہ مرکزی گزرگاہ ہے جہاں سے روزانہ ہزاروں افراد اپنے گھروں، کاروبار، تعلیمی اداروں اور دفاتر تک پہنچتے ہیں۔ محلہ سلیمان پارس، باغ محلہ، پاک سرائے، خانساماں محلہ اور دیگر آبادیوں کے ہزاروں شہری اسی راستے کو استعمال کرتے ہیں۔ اسی طرح تحصیل روڈ، مین بازار، موبائل مارکیٹ، راجہ بازار، کباڑی بازار، بانو بازار، نیا بازار، رام دین بازار، ٹرنک بازار، مرغی بازار، چاندنی چوک اور غلہ منڈی سمیت شہر کے بڑے تجارتی مراکز کا انحصار بھی اسی مرکزی راستے پر ہے۔

2023 کی ڈیجیٹل مردم شماری کے مطابق تحصیل جہلم کی آبادی پانچ لاکھ سے زائد ہے جبکہ شہر کی شہری آبادی تقریباً تین لاکھ کے قریب بتائی جاتی ہے۔ صرف شاندار چوک سے ملحقہ آبادیوں میں تقریباً بائیس ہزار افراد رہائش پذیر ہیں۔ ان ہزاروں شہریوں کی روزمرہ زندگی براہِ راست اس راستے سے وابستہ ہے۔

شہریوں اور تاجروں کا مؤقف ہے کہ تحصیل روڈ کو ماڈل بازار کے لیے منتخب کرنا بنیادی طور پر ایک غلط منصوبہ بندی ہے، کیونکہ یہ کوئی عام بازار نہیں بلکہ جہلم شہر کی مرکزی شاہراہ اور درجنوں بازاروں و آبادیوں کو ملانے والی اہم گزرگاہ ہے۔ تاجروں کے مطابق اگر ماڈل بازار کا قیام ضروری تھا تو کسی مخصوص بازار یا محدود تجارتی علاقے کا انتخاب کیا جانا چاہیے تھا، نہ کہ ایسی مرکزی شاہراہ کا جس کی بندش یا رکاوٹ پورے شہر کی تجارتی سرگرمیوں، آمدورفت اور روزمرہ زندگی کو متاثر کرے۔اگر شاندار چوک پر مجوزہ گیٹ نصب کیا گیا یا راستے کو محدود کیا گیا تو اس کے نتیجے میں نہ صرف آمدورفت شدید متاثر ہوگی بلکہ شہر کے قدیم اور مصروف ترین بازاروں کی کاروباری سرگرمیاں بھی نقصان اٹھائیں گی۔ ایسے حالات میں خریدار متبادل مقامات کا رخ کریں گے، جس کا براہِ راست اثر مقامی تاجروں، دکانداروں، مزدوروں اور ان خاندانوں پر پڑے گا جن کا روزگار انہی بازاروں سے وابستہ ہے۔

یہ سوال بھی اپنی جگہ اہم ہے کہ کیا انتظامیہ نے وہ وعدے پورے کیے جن کی بنیاد پر شہریوں اور تاجروں سے تعاون کی اپیل کی گئی تھی؟

تاجروں کے مطابق جب 2025 کے دوران اس منصوبے کے ابتدائی خدوخال سامنے آئے تھے تو انجمن تاجران کی ڈپٹی کمشنر صاحب سے میٹنگ میں بتایا گیا تھا اور منظور شدہ نقشہ بھی دکھایا تھا کہ بانو بازار میں ایک جدید کثیر المنزلہ پارکنگ پلازہ تعمیر کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے مطابق فرسٹ فلور پر دکانیں قائم کی جائیں گی جو تاجروں کو فراہم کی جائیں گی جبکہ اوپر کی کئی منزلیں پارکنگ کے لیے مختص ہوں گی تاکہ شہر کے پارکنگ مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہو سکیں۔ اسی منصوبے کے تحت یہ بھی کہا گیا گیا تھا کہ مجوزہ گیٹ نیا بازار سے آگے نصب کیا جائے گا تاکہ مرکزی کاروباری اور رہائشی علاقوں کی آمدورفت متاثر نہ ہو۔

مگر آج شہریوں کے ذہنوں میں یہ سوال شدت سے موجود ہے کہ پارکنگ پلازہ کا پلان اہلیان علاقہ اور انجمن تاجران کی مشاورت کے بغیر ہی کینسل کردیا گیا اور کوئ متبادل سہولیات فراہم نہیں کی گئیں، اگر عوام اور تاجروں کی ارباب اختیار سے مشاورت مکمل نہیں ہوئی تو پھر شاندار چوک جیسے مرکزی راستے کو محدود کرنے کی جلدی کیوں ہے؟

شاندار چوک سے باغ محلہ تک متبادل راستے کے استعمال کی صورت میں فاصلہ تقریباً ڈھائی کلومیٹر بڑھ جاتا ہے۔ بظاہر یہ ایک چھوٹا سا عدد لگتا ہے لیکن روزانہ ہزاروں افراد کے لیےانتہائ تنگ سڑکوں اور گنجان علاقوں و شہری بازاروں یعنی براستہ ریلوے روڈ جی ٹی ایس چوک نولکھا اڈا اور ریلوے پل سے پوسٹ آفس کی انتہائ نشیبی اور صرف 15فٹ چوڑی روڈ سے سفر کرنا ناممکن ہے یہ روٹ جہاں فاصلہ ایندھن، وقت اور مالی وسائل کے ضیاع کی صورت اختیار کر لیتا ہے۔ ایک طالب علم کے لیے یہ اضافی وقت ہے، ایک ملازم کے لیے دفتر پہنچنے میں تاخیر ہے، ایک تاجر کے لیے گاہکوں کی کمی ہے اور ایک مریض کے لیے زندگی اور موت کے درمیان فرق بھی بن سکتا ہے۔

اس سے بھی زیادہ تشویشناک پہلو ایمرجنسی سروسز کی رسائی ہے۔ اگر کسی حادثے، آگ لگنے یا طبی ہنگامی صورتحال میں ایمبولینس، ریسکیو 1122 یا فائر بریگیڈ کو اضافی فاصلہ طے کرنا پڑے تو اس کے نتائج کا تصور ہی خوفناک ہے۔

ترقیاتی منصوبے یقیناً ضروری ہیں، مگر ایسی ترقی جو عوام کی سہولت کے بجائے ان کے لیے مشکلات پیدا کرے، اس پر ازسرنو غور ہونا چاہیے۔ شہریوں اور تاجروں کا مطالبہ ہے کہ شاندار چوک کے حوالے سے کسی بھی حتمی فیصلے سے قبل عوامی مشاورت کی جائے، اصل منصوبے کی تفصیلات منظر عام پر لائی جائیں، پارکنگ پلازہ اور متبادل سہولیات پہلے مکمل کی جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ شہر کی معاشی سرگرمیوں اور شہریوں کی روزمرہ زندگی کو نقصان نہ پہنچے۔

جہلم کے شہری صرف ایک سوال پوچھ رہے ہیں: کیا ترقی کا مطلب شہر کی شہ رگ کو بند کرنا ہے، یا پھر ایسی منصوبہ بندی کرنا ہے جو عوام کی سہولت، تاجروں کے روزگار اور شہر کے مستقبل کو یکساں طور پر محفوظ بنا سکے؟

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں