وزیرآباد: پی سی ایس یو ایم ای اے وفد کا سیف سٹی کنٹرول روم کا دورہ

Spread the love

سکندر ملک ۔
وزیرآباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان کٹلری اینڈ سٹین لیس یوٹینسلز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے قائم مقام چیئرمین چوہدری حبیب اللہ کی قیادت میں ایک وفد نے سیف سٹی کنٹرول روم وزیرآباد کا دورہ کیا اور شہر میں عوامی تحفظ اور سیکیورٹی کے لیے جاری جدید منصوبوں کے بارے میں تفصیلی آگاہی حاصل کی۔

وفد میں چوہدری حبیب اللہ، الیاس خان، ایگزیکٹو ممبران فرقان احمد،کنوینر پبلک ریلیشنز کمیٹی محمد بلال سعد، سیٹھ ابراہیم، تیمور میر، اور ڈپٹی سیکرٹری ربیع گل شامل تھے۔

اس موقع پر سیف سٹی حکام نے وفد کو عوامی تحفظ اور سٹی پروٹیکشن اقدامات، ای چالان سسٹم، ہنگامی صورتحال میں فوری امداد کے لیے پینک بٹن، مفت پبلک وائی فائی سروس، ڈرون نگرانی، باڈی کیمرہ سرویلنس سسٹم، مسافروں کے لیے کیو آر پینک بٹن سہولت، صنعتی اداروں کے سیکیورٹی کیمروں کی انٹیگریشن، فوری معلومات کے تبادلے کے لیے واٹس ایپ گروپس، بچوں کے تحفظ اور خواتین کی سلامتی کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

وفد کا استقبال منیجر سیف سٹی وزیرآباد محمد جنید بھٹہ اور ان کی ٹیم نے کیا۔ اس موقع پر سیف سٹی منصوبے کی موجودہ کارکردگی اور مستقبل کے ویژن پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

پی سی ایس یو ایم ای اے کے وفد نے سیف سٹی وزیرآباد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور عوامی سہولیات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں