
جہلم (بلال رضا) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج ٹاہلیانوالہ اور گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین سول لائن روڈ جہلم میں قائم امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور امتحانات کے انعقاد کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کالج انتظامیہ اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے امتحانی ہالز، عملے کی موجودگی، صفائی ستھرائی، بجلی کی فراہمی اور امیدواروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے امتحانی مراکز میں نظم و ضبط، شفافیت اور پرامن ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر نقل کی روک تھام کے لیے اختیار کیے گئے اقدامات، نگرانی کے نظام اور امتحانی قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کالج انتظامیہ سے بریفنگ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ امتحانی عمل کو ہر لحاظ سے شفاف، منظم اور میرٹ کے مطابق یقینی بنایا جائے اور نقل کے تدارک کے لیے مؤثر نگرانی جاری رکھی جائے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا کہ شفاف اور منصفانہ امتحانی نظام طلبہ کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ امتحانات کے پرامن، منظم اور نقل سے پاک انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔
