وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی

Spread the love


جہلم (بلال رضا) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے صوبائی وزیر مواصلات صہیب احمد برتھ نے تحصیل پنڈ دادن خان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری اور اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دادن خان عائشہ شفقت بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ انتظامیہ اور پولیس حکام نے صوبائی وزیر کو محرم الحرام کے جلوسوں، مجالس، سکیورٹی پلان اور دیگر انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر نے محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس کا دورہ کیا اور سی سی ٹی وی کیمروں، صفائی ستھرائی، سٹریٹ لائٹس، روٹس کی کلیئرنس، سکیورٹی انتظامات اور عزاداروں کی سہولت کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام انتظامات کو فول پروف بنایا جائے اور جلوسوں کے روٹس پر جاری کام بروقت مکمل کیے جائیں۔
اس موقع پر صوبائی وزیر نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شدید گرمی کے پیش نظر قائم کیے گئے محرم سبیل کیمپوں کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے عزاداروں کے لیے ٹھنڈے، سادہ اور میٹھے پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور دیگر سہولیات کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ان اقدامات کو سراہا۔
بعد ازاں صوبائی وزیر مواصلات صہیب احمد برتھ نے ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈ دادن خان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایمرجنسی، طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور محرم الحرام کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ عزاداروں اور شہریوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر مواصلات صہیب احمد برتھ نے کہا کہ حکومت پنجاب محرم الحرام کو پرامن، محفوظ اور منظم انداز میں گزارنے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی، فول پروف سکیورٹی، صفائی ستھرائی اور فوری طبی امداد کی دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ باہمی رابطہ اور مؤثر نگرانی کے ذریعے تمام انتظامات کو ہر لحاظ سے مکمل رکھا جائے تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں