

جہلم ( بلال رضا ) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر فرحان مرزا کی ہدایات پر ریسکیو 1122 جہلم نے آٹھ محرم الحرام کے موقع پر جلوسوں، مجالس اور زنجیر زنی کے پروگراموں کےدوران عزاداران کو بروقت ایمرجنسی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام انتظامات ہر لحاظ سے مکمل کر دیے ہیں۔ ریسکیو 1122 کے تمام ریسکیورز اپنی اپنی مقررہ میڈیکل اور ایمرجنسی پوسٹوں پر تعینات ہیں اور جلوسوں کے اختتام تک اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دیتے ہوئے عزاداران کو میڈیکل کور اور فوری ایمرجنسی سہولیات فراہم کرتے رہیں گے۔
ریسکیو 1122 کی جانب سے مختلف مقامات پر ریسکیو میڈیکل پوسٹیں، ایمرجنسی پوسٹیں، ایمبولینسز، فائر ریسکیو وہیکلز اور دیگر ایمرجنسی گاڑیاں ہمراہ تربیت یافتہ ریسکیو عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔
زنجیر زنی اور دیگر مذہبی سرگرمیوں کے دوران زخمی ہونے والے یا طبی امداد کے محتاج عزاداران کو موقع پر فوری ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ ضرورت پڑنے پر انہیں قریبی ہسپتالوں میں منتقل کرنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ریسکیو افسران و اہلکار ہائی الرٹ رہتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں تاکہ عزاداران کو محفوظ ماحول اور بروقت ایمرجنسی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
