جہلم (بیورو رپورٹ) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے شہریوں کو اضافی جرمانوں سے بچانے کے لیے آج بھی اپنے دفاتر کھلے رکھنے کا اعلان کر دیا۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر ڈاکٹر منور حسین نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس گزاروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع بھر میں محکمہ کے دفاتر معمول کے مطابق کھلے ہیں تاکہ معزز شہری اپنے واجبات بروقت اور بغیر کسی اضافی چارجز یا جرمانے کے جمع کرا سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈدادنخان میں محکمہ ایکسائز کے دفاتر کھلے ہیں اور ٹیکسوں کی وصولی کے لیے تمام ضروری عملہ موجود ہے۔ ڈاکٹر منور حسین نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے آج ہی اپنے بقایا ٹیکسز جمع کرا دیں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی اضافی مالی بوجھ یا قانونی پیچیدگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ ایکسائز عوام کو بہتر اور بروقت خدمات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے اور ٹیکسوں کی بروقت ادائیگی قومی ترقی اور عوامی فلاح کے منصوبوں میں اہم کردار ادا کرتی ہے
