جلالپور جٹاں:چوہدری علی وڑائچ کی کاوشوں سے سیوریج نالے کی تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا، ترقیاتی منصوبے کا باقاعدہ آغاز

Spread the love


*(رپورٹ مرزا طارق محمود)

جلالپور جٹاں میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی پروگرام کے تحت سیوریج نالے کی تعمیر کے منصوبے کا سنگِ بنیاد ایک پروقار تقریب میں رکھ دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اس منصوبے کے لیے فنڈز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر فراہم کیے گئے، جبکہ منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں کوآرڈینیٹر یوتھ ونگ گجرات چوہدری علی وڑائچ آف کلا چور کی خصوصی کاوشوں کو نمایاں قرار دیا گیا۔

سنگِ بنیاد کی تقریب میں مسلم لیگ (ن) ضلع گجرات کے صدر نوابزادہ طاہر الملک، سابق رکن صوبائی اسمبلی نوابزادہ حیدر مہندی اور اسسٹنٹ کمشنر گجرات عبدالقدیر زرکون نے شرکت کی اور منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ جلالپور جٹاں کے عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کے لیے حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے اور سیوریج نالے کی تعمیر سے علاقے میں نکاسیٔ آب کے دیرینہ مسائل کے خاتمے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔

مقررین نے مزید کہا کہ عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ شرکاء نے چوہدری علی وڑائچ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جلالپور جٹاں میں مزید ترقیاتی منصوبے بھی جلد مکمل کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں سیاسی، سماجی شخصیات اور مقامی شہریوں نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں