رحیم یار خان
ڈویژنل بیورو چیف: میاں طالب حسین
وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے مسلم ورلڈ لیگ (MWL) کے سیکرٹری جنرل، ممتاز اسلامی اسکالر شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ کے اعزاز میں ایک پرتکلف عشائیہ دیا، جس میں وفاقی کابینہ کے اہم اراکین، اعلیٰ سرکاری حکام، سفارتی شخصیات اور اراکین پارلیمنٹ نے شرکت کی۔
تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اقتصادی امور و رکن قومی اسمبلی محترمہ زیب جعفر، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ سمیت دیگر معزز شخصیات اور مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ کی عالم اسلام میں امن، رواداری، اعتدال پسندی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم ورلڈ لیگ کے مثبت کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات محض سفارتی نہیں بلکہ گہرے مذہبی، تاریخی اور برادرانہ رشتوں پر استوار ہیں، جنہیں مزید مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امت مسلمہ کے اتحاد، امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کا داعی رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت عالمی سطح پر اسلام کا حقیقی، معتدل اور پرامن تشخص اجاگر کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
تقریب کے دوران باہمی دلچسپی کے مختلف امور، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات، مذہبی تعاون، بین الاقوامی امن، امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز اور عالمی سطح پر مشترکہ حکمت عملی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ مسلم ورلڈ لیگ اور پاکستان کے درمیان تعاون مستقبل میں مزید وسعت اختیار کرے گا، جس سے نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پوری امت مسلمہ کو فائدہ پہنچے گا۔ عشائیہ خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوا، جہاں معزز مہمانوں نے ایک دوسرے کے ساتھ خیرسگالی اور باہمی تعاون کے جذبے کا اعادہ کیا۔
