رحیم یار خان
(میاں طالب حسین )
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دیہی آبادی کو معاشی طور پر خودمختار بنانے، بے زمین کسانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے اور زرعی شعبے کی ترقی کے وژن کے تحت ”اپنا کھیت اپنا روزگار” اسکیم پر عملدرآمد جاری ہے۔اسی سلسلہ میں تحصیل رحیم یار خان کے 17 مستحق افراد میں 10 سال کے لیے مفت سرکاری زرعی زمین کے الاٹمنٹ آرڈرز تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر رحیم یار خان عبدالحنان خان نے مستحق افراد میں الاٹمنٹ آرڈرز تقسیم کیے۔
اسسٹنٹ کمشنر عبدالحنان خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی یہ انقلابی اسکیم دیہی عوام کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے، بے روزگاری میں کمی لانے اور زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے مستحق افراد کو 10 سال کے لیے مفت سرکاری زرعی زمین فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ کاشتکاری کے ذریعے باعزت روزگار حاصل کر سکیں اور اپنے خاندان کی معاشی حالت بہتر بنا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق اسکیم پر شفاف انداز میں عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے تاکہ حقیقی مستحق افراد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے مستحق افراد کو ہدایت کی کہ وہ فراہم کردہ زمین کو زرعی مقاصد کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے اپنی آمدن میں اضافہ کریں اور ملکی زرعی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
مستحق افراد نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ”اپنا کھیت اپنا روزگار” اسکیم ان جیسے بے زمین افراد کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہوگی اور اس سے ان کی معاشی خودمختاری میں نمایاں بہتری آئے گی۔
