جنرل انتخابات کے سلسلہ میں سکیورٹی اور انتظامی امور کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا

Spread the love

رحیم یار خان
( میاں طالب حسین)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیرِ صدارت آزاد جموں و کشمیر میں 27 جولائی کو منعقد ہونے والے جنرل انتخابات کے سلسلہ میں سکیورٹی اور انتظامی امور کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی جبکہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر مقصود احمد نے انتخابات کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آزاد جموں و کشمیر کے جنرل انتخابات کے سلسلہ میں رحیم یار خان کے ٹاؤن ہال میں دو پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے جہاں ضلع میں مقیم آزاد جموں و کشمیر کے رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ صرف رحیم یار خان میں آزاد جموں و کشمیر کے رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 72 ہے جن کے لیے تمام انتخابی انتظامات الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کیے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے ہدایت کی کہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں اور سکیورٹی، نظم و ضبط، صفائی، بجلی، پانی، پارکنگ اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ ووٹرز کو پرامن اور سازگار ماحول میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا موقع میسر آ سکے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ الیکشن کمیشن اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنائے گی اور انتخابی عمل کے دوران تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ انتخابی عمل کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی اور مؤثر کوآرڈینیشن کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ آزاد جموں و کشمیر کے جنرل انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق تمام انتظامی اور سکیورٹی انتظامات مکمل کرے گی تاکہ انتخابات پرامن، شفاف، منصفانہ اور خوش اسلوبی سے منعقد ہو سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں