رحیم یارخان
(میاں طالب حسین)
پولیس افسران کے جائے واردات سے اٹھائے گئے شواہد، ثبوت اور عدالت میں بہترین پیروی سنگین مقدمات کے ملزم کی سزا یابی کو یقینی بناتے ہیں، پولیس افسران دوران سماعت کیس عدالت میں شہادت کو درست طور پرپیش کرنے کے لیے پیشہ ورانہ مہارتوں کو اجاگر کریں۔ ان خیالات کا اظہار اے ڈی پی پی محمد فاروق خان نے ایس پی انویسٹی گیشن شاہد نذیر کے ہمراہ ضلع بھر کے ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران کو عدالتوں میں پیروی مقدمات میں مہارت دلانے کے لیے منعقدہ ایک روزہ کورس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قتل، منشیات، زنا و دیگر سنگین جرائم کی صورت میں پولیس آفیسر کا فرض ہے کہ جائے واردات سے کرائم سین یونٹ اور پی ایف ایس اے کی مدد سے شواہد محفوظ کرانے کے بعد بروقت پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری پہنچائے اور نتائج حاصل ہونے پر کیس کی پیروی کے دوران مقدمہ کے متلعق مکمل شواہد، ثبوت اور گواہوں کی شہادت کو یقینی بنائیں تاکہ ملزمان کی سزا یابی یقینی ہو سکے، انہوں نے اس موقع پر مقدمہ کے تفتیشی مراحل تا مکمل پیروی کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور پولیس افسران کی جانب سے کیے جانے والے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے ان کے ابہام دور کیے، اس موقع پر ایس اپی شاہد نذیر نے کہا کہ امید ہے کہ اس کورس کے انعقاد سے پولیس افسران کی مہارتوں میں مزید اضافہ ہو گا اور پیروی مقدمات کے سلسلہ میں دی جانے والی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے بہتر نتائج اخذ کریں گے۔
