ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ پریزنرز ہیلتھ کونسل کا اجلاس منعقد

Spread the love

رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ پریزنرز ہیلتھ کونسل کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ جیل کے اسیران کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، علاج معالجہ، ادویات کی دستیابی اور صحت عامہ سے متعلق دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ شیخ زید ہسپتال، متعلقہ محکمہ صحت کے افسران اور کونسل کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا کہ اسیران کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جیل میں موجود تمام مریضوں کا باقاعدگی سے طبی معائنہ یقینی بنایا جائے، ادویات کا وافر ذخیرہ ہر وقت دستیاب ہو اور ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو فوری طور پر متعلقہ ہسپتال منتقل کرنے کے لیے مؤثر نظام برقرار رکھا جائے۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے متعلقہ افسران نے بتایا کہ جیل میں اسیران کے طبی معائنے، معمول کی او پی ڈی، لیبارٹری ٹیسٹ، ویکسینیشن، متعدی امراض کی روک تھام اور خصوصی مریضوں کے علاج کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ جیل میں صفائی ستھرائی، حفظانِ صحت کے اصولوں، صاف پانی کی فراہمی اور غذائی معیار پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ اسیران کو صحت مند ماحول میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت باقاعدگی سے جیل کا دورہ کرے، میڈیکل کیمپس منعقد کیے جائیں اور تمام طبی ریکارڈ کو اپ ڈیٹ رکھا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست ویژن کے مطابق تمام شہریوں کی طرح اسیران کو بھی بنیادی انسانی حقوق اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، جس میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو باہمی رابطے کے ساتھ طبی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنانے، ادویات کی بلا تعطل فراہمی اور مریض اسیران کے علاج معالجے میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں