رحیم یار خان
ڈویژنل بیورو
(میاں طالب حسین)
جمعیت علمائے پاکستان کے صوبائی نائب صدر اور ممبر ڈویژنل امن کمیٹی محمد ریاض احمد نوری کی پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق ایم پی اے مخدوم ارتضیٰ ہاشمی سے ملاقات ، ملاقات کے دوران ملک اور بالخصوص ضلع کو درپیش عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد ریاض احمد نوری اور مخدوم ارتضیٰ ہاشمی نے کہا کہ حکومت عوام کے بنیادی مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنائے۔ اشیائے خورونوش، ادویات اور روزمرہ استعمال کی دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کی مشکلات میں اضافہ کر رہا ہے، جس پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں , انہوں نے کہا کہ تین صوبوں کے سنگم پر واقع شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان کو درپیش مالی مشکلات فوری طور پر ختم کرتے ہوئے ضروری فنڈز فراہم کیے جائیں تاکہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات میسر آسکیں۔ سرجیکل ٹاور تعمیر کیا جائے اور شیخ زید ہسپتال میں خالی آسامیوں پر تعیناتی فی الفور کی جائے،دونوں رہنماؤں نے ضلع رحیم یار خان میں زرعی یونیورسٹی کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ زرعی خطہ ہونے کے باوجود یہاں زرعی اعلیٰ تعلیمی ادارے کا نہ ہونا ایک بڑا خلاء ہے۔ زرعی یونیورسٹی کے قیام سے نوجوانوں کو جدید زرعی تعلیم، تحقیق اور روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے، جس سے ملکی زرعی معیشت کو بھی فروغ حاصل ہوگا ، انہوں نے بلوچستان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں پائیدار امن، قومی اتحاد اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔اس موقع پر انہوں نے افواجِ پاکستان کی وطن کے دفاع، دہشت گردی کے خلاف قربانیوں اور ملکی سلامتی کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج نے ہر مشکل گھڑی میں وطن عزیز کی حفاظت اور امن کے قیام کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، جنہیں قوم ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی، دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ عوامی مسائل کے حل، قومی یکجہتی، امن و استحکام اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔
