سکول ٹیچرز انٹرن شپ پروگرام کے تحت محکمہ سپیشل ایجوکیشن میں منتخب ہونے والے انٹرنز میں نو ماہ کی انٹرن شپ کے تقرری آرڈرز تقسیم کیے۔

Spread the love

رحیم یار خان
ڈویژنل بیوروچیف
(میاں طالب حسین )
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق سکول ٹیچرز انٹرن شپ پروگرام کے تحت محکمہ سپیشل ایجوکیشن میں منتخب ہونے والے انٹرنز میں نو ماہ کی انٹرن شپ کے تقرری آرڈرز تقسیم کیے۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن، ڈی او سپیشل ایجوکیشن محمد عبداللہ، فوکل پرسن عرفان احمد سمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا سکول ٹیچرز انٹرن شپ پروگرام نوجوان تعلیم یافتہ افراد کو تدریسی میدان میں عملی تجربہ فراہم کرنے کا ایک مؤثر اقدام ہے، جس سے نہ صرف نوجوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ تعلیمی اداروں میں تدریسی معیار کو بھی مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ سپیشل ایجوکیشن کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جہاں خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے جذبے، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے انٹرنز پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری، احساسِ ذمہ داری اور لگن کے ساتھ ادا کریں تاکہ خصوصی بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت میں مؤثر کردار ادا کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب خصوصی بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی اور سپیشل ایجوکیشن اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جبکہ نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع اور عملی تجربہ فراہم کرنا بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔اس موقع پر محکمہ سپیشل ایجوکیشن کے افسران نے ڈپٹی کمشنر کو پروگرام کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے منتخب انٹرنز کو مبارکباد دیتے ہوئے ان میں نو ماہ کی انٹرن شپ کے تقرری آرڈرز تقسیم کیے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں