ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) لاریب اسلم کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانی کمیٹی کا اجلاس منعقد

Spread the love

رحیم یار خان
ڈویژنل بیوروچیف
(میاں طالب حسین )
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) لاریب اسلم کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران اور کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے موصول ہونے والی مجموعی طور پر 25 درخواستوں پر فرداً فرداً غور کیا گیا۔ کمیٹی نے شواہد اور متعلقہ ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد 8 کیسز کے فیصلے صادر کیے، جبکہ دیگر درخواستوں پر مزید شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری کرنے کی ہدایت جاری کی گئی تاکہ تمام معاملات کو میرٹ اور قانون کے مطابق نمٹایا جا سکے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) لاریب اسلم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا فوری، شفاف اور میرٹ پر حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ زیر التواء درخواستوں کی انکوائری مقررہ مدت میں مکمل کرتے ہوئے جامع رپورٹس پیش کی جائیں تاکہ متاثرہ سائلین کو بروقت انصاف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور قومی معیشت میں ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔ ان کے حقوق کا تحفظ اور شکایات کا بروقت ازالہ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی کہ اوورسیز پاکستانیوں کی درخواستوں پر پیش رفت کو تیز کیا جائے اور ہر کیس کو قانون کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں