ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی ہدایت پر پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کو بھرپور قومی و ملی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کے سلسلہ میں اجلاس منعقد کیا

Spread the love

رحیم یار خان
ڈویژنل بیوروچیف
( میاں طالب حسین)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی ہدایت پر پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کو بھرپور قومی و ملی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کے سلسلہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ملک فاروق احمد کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام ضلعی محکموں کے افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان، اقلیتی برادری کے رہنماؤں اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ملک فاروق احمد نے کہا کہ یومِ آزادی قومی اتحاد، یکجہتی، حب الوطنی اور شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق ضلع بھر میں یومِ آزادی کی تقریبات بھرپور انداز میں منعقد کی جائیں تاکہ شہریوں خصوصاً نوجوان نسل میں وطن سے محبت، قومی شعور اور ذمہ داری کے احساس کو مزید فروغ دیا جا سکے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یومِ آزادی کے موقع پر ضلع بھر میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں، مختلف محکموں اور عوامی مقامات پر پرچم کشائی کی تقریبات، کھیلوں کے مقابلے، شجرکاری مہم، ادبی و ثقافتی پروگرام، ملی نغموں، تقریری و مضمون نویسی کے مقابلوں سمیت مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سرکاری عمارتوں اور اہم شاہراہوں کو قومی پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا جائے گا تاکہ جشنِ آزادی کا ماحول بھرپور انداز میں اجاگر ہو۔اجلاس میں ماہ اگست کے دوران منعقد ہونے والی اہم قومی تقریبات کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ 5 اگست کو یومِ استحصال کشمیر بھرپور انداز میں منایا جائے گا، جس میں بھارتی غیر قانونی اقدامات اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کے حوالے سے خصوصی سیمینارز، واکس اور آگاہی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔اسی طرح 11 اگست کو مینارٹی ڈے منایا جائے گا، جس میں اقلیتی برادری کی قومی ترقی میں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے، بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ملک فاروق احمد نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تقریبات کے انعقاد کے لیے باہمی رابطہ، مؤثر منصوبہ بندی اور بروقت انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ تمام پروگرام قومی وقار اور شایانِ شان انداز میں منعقد کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی کی تقریبات میں زیادہ سے زیادہ عوامی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں اور ضلع بھر میں قومی پرچم کی حرمت، صفائی ستھرائی اور بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں